بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے 20 نومبر سے بلوچستان کے اضلاع نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نوشکی میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کارروائی کی گئی، جس کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ میں بھی کارروائیاں کی گئیں۔
کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے جبکہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنزپر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں امن و استحکام کے لیے ان کے عزم اور قربانیوں کا مظہر ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابلِ فخر ہیں، غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، شہداء اور غازیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان میں امن و ترقی دشمنوں کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔







