وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزراء کی بیان بازی کا نوٹس لے لیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراء کی حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے تمام وفاقی کابینہ کے ارکان کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔
پرائم منسٹر آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے، حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ الحمدللّٰہ! پاکستان کو بین الاقوامی اور سفارتی محاذ پر بھی متعدد اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی کابینہ کے تمام وزراء ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کریں اور باہمی معاملات افہام و تفہیم اور اتفاقِ رائے سے آگے بڑھائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وزراء کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء اچھا کام کر رہے ہیں، انہیں اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنی چاہیے۔
انہوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہم سب کا فرض ہے۔







