حیرت انگیز

منفرد مقابلہ: بھارتی خاتون 60 دن سو کر 28 لاکھ روپے جیت گئی

بھارتی شہر ممبئی سے تعلق رکھنے والی جینیا چیٹرجی نے 60 روز تک نیند کے ایک منفرد مقابلے میں حصہ لے کر 9 لاکھ 63 ہزار 400 روپے (پاکستانی 28 لاکھ 26 ہزار روپے سے زائد رقم) اور مفت سیاحتی دورہ جیت لیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گھریلو اشیاء بنانے والی کمپنی ویک فٹ کے زیرِ اہتمام 2 ماہ پر مشتمل اس مقابلے میں پورے بھارت سے 2 لاکھ سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروائیں تاہم مختلف مراحل اور انٹرویوز کے بعد صرف 10 امیدواروں کو منتخب کیا گیا۔

مقابلے میں شرکاء کو باقاعدگی سے سونے، نیند کا مقررہ معمول برقرار رکھنے اور ہفتہ وار دلچسپ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ذمے داری دی گئی، ان کی روزانہ کی کارکردگی کے مطابق نمبر دیے جاتے اور درجہ بندی کی جاتی تھی۔

مقابلے کے دوران شرکاء کو فلموں کے مشہور مناظر نیند کے انداز میں دوبارہ پیش کرنے، ایک ہفتے کی نیند کی عادات کا جائزہ لینے اور گفتگو کے دوران کسی کو بتائے بغیر 10 مرتبہ ’کمبل‘ یا ’تکیے‘ کے الفاظ استعمال کرنے جیسے دلچسپ چیلنجز بھی دیے گئے، بہترین کارکردگی دکھانے والے امیدوار کو ہفتے کا بہترین سلیپر قرار دیا جاتا تھا۔

فائنل میں امیدواروں کو 2 بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آخری مرحلے میں تمام امیدواروں نے اپنی مرضی کے مطابق تیار کردہ ماحول میں 1 رات گزاری اور ان کے نیند کے اسکور کی بنیاد پر فاتح کا انتخاب کیا گیا۔

یوں جینیا چیٹرجی بھارت کی نیند کی چیمپئن بن گئیں اور انہیں 9 لاکھ 63 ہزار 400 بھارتی روپے کے نقد انعام کے ساتھ کمپنی کی جانب سے سیاحتی دورے کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقابلہ پہلی بار 2019ء میں شروع کیا گیا تھا، اس کے ابتدائی 4 سیزنز میں 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں جبکہ 65 شرکاء کو فی کس 1 لاکھ روپے بھی دیے جا چکے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button