سیاسیات

سرگودھا میں جے یو آئی کے جلسہ کے موقع پر راستے بند

سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے آج منعقد ہونے والے اعلان کردہ جلسے کے موقع پر موٹرویز اور شہر کی جانب جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ پارٹی قیادت نے ان اقدامات کو جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف نے آج (26 نومبر) سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، جس سے مولانا فضل الرحمان نے بھی خطاب کرنا ہے۔

جبکہ صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا کی انتظامیہ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت نو افراد کے ضلع کی حدود میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اسی طرح لگ بھگ 19 افراد بشمول علما کے تقاریر کرنے پر بھی پابندی عائد کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔

سرگودھا کی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات ضلعی پولیس کی رپورٹ پر اور امن و امان کے خدشات کے پیش نظر اٹھائے گئے ہیں اور ان فیصلوں کے باقاعدہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ سرگودھا انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہی ضلع میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے ہر قسم کے اجتماعات، جلسوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

تاہم، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان لاہور کی پارک ویو سوسائٹی سے سرگودھا کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب انتظامیہ سرگودھا کانفرنس کو ناکام بنانے کے لیے ’اوچھے ہتھکنڈے‘ استعمال کر رہی ہے۔

ان کے مطابق سرگودھا جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں اور دھند کو جواز بنا کر موٹروے بند رکھی گئی، جبکہ مختلف مقامات پر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

تاہم سرکاری مؤقف کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ٹریول ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ موٹروے ایم ٹو پر کوٹ مومن انٹرچینج کو صبح ساڑھے گیارہ بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک چھ گھنٹوں کے لیے بند رکھا گیا ہے۔

ایس پی انویسٹیگیشن سرگودھا عمران عباس چدھڑ نے بی بی سی اردو سے گفتگو میں بتایا کہ کوٹ مومن انٹرچینج کو اعلیٰ حکام کی ہدایات پر بند کیا گیا ہے اور صورتحال معمول پر آنے کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جمعرات کی صبح پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث ایم ٹو سمیت مختلف موٹرویز بند کر دی گئی تھیں، تاہم موٹروے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ بہتر ہونے پر دوپہر کے وقت بیشتر بند راستے دوبارہ کھول دیے گئے تھے۔

جواب دیں

Back to top button