انتخاباتسیاسیات

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے؟ الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ تبدیل کرنے سے متعلق صوبائی حکومت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے چار رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، جس میں وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق، چیف سیکریٹری پنجاب اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران چیف سیکریٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لیے مزید دو ماہ درکار ہیں، لہٰذا انتخابات 20 جنوری 2027 کے بعد کرائے جائیں۔

چیف سیکریٹری کے مطابق دسمبر اور جنوری کے دوران پنجاب، خصوصاً لاہور میں شدید دھند اور سرد موسم کے باعث انتخابی انتظامات اور ووٹرز کی شرکت متاثر ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 20 جنوری کے بعد موسم نسبتاً بہتر ہو جاتا ہے، جبکہ اپریل میں دن طویل ہونے کے باعث انتخابات کرانا زیادہ موزوں ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر نے اس موقع پر یاد دلایا کہ پنجاب حکومت پہلے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان بلدیاتی انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کر چکی ہے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی درخواست پر غور کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے اپریل 2027 میں تین مرحلوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آئین اور انتخابی قوانین کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اس کی ذمہ داری ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ کا تعین الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button