
پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے قومی حلقہ این اے 77 میں آج ضمنی انتخاب ہورہا ہے اور پولنگ شروع ہوچکی ہے۔
اس نشست کے لیے ضمنی الیکشن میں مجموعی طور پر 11 امیدوار مدمقابل ہیں تاہم مسلم لیگ ن کے راشد بشیر ورک اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم گجر کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
قومی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے ایم این اے محمود بشیر ورک کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی،ن لیگ نے محمود بشیر ورک کے بیٹے راشد بشیر ورک کو اپنے امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے گوجرانوالہ کے حلقے این اے 77 میں ضمنی انتخاب کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کا نوٹس لیا ہوا ہے اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
الیکشن کمیشن کی سات نومبر کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ وفاقی وزیر نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے حلقے کا دورہ کیا اور ایک اجتماع میں شرکت کی۔
اتوار کے روز ہونے والے انتخاب میں الیکشن کمیشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حلقہ کے پانچ لاکھ 18 ہزار 620 ووٹرز اپنا حق رائے دہی کا استعمال کرسکتے ہیں یہاں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 77 ہزار 480 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 41 ہزار 149 ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ این اے 77 میں کل 333 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 12 پولنگ انتہائی حساس، 34 حساس اور 287 نارمل قرار دیے گئے ہیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔







