پاکستان کیخلاف ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے بال ٹیمپرنگ کے پلان کا انکشاف

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم کے بال ٹیمپرنگ کے پلان کا انکشاف ہوا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی ٹیسٹ ہار جیت کا فیصلہ ہوئے بغیر ختم ہو گیا تھا، پاکستان نے پہلی اننگز میں 482 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز 181 رنز 6 کھلاڑی آوٹ پر ڈیکلئیر کر دی تھی۔
آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 202 رنز اور دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے تھے۔
ماضی میں دورۂ جنوبی افریقا میں کیپ ٹاؤن اسکینڈل کے صرف 6 ماہ بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں کی ایک اور مبینہ کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔
پاکستان کے خلاف 2018ء میں دبئی ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے پلان کا انکشاف ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2018ء میں پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں منٹس سے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی مبینہ تجویز دی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر گیند پر منٹس استعمال کرنے کے لیے ایک دوسرے سے مشورہ کیا تاہم نئے کھلاڑی نے مبینہ منصوبے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہم دوبارہ وہی حرکت کرنے جا رہے ہیں؟
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دبئی ٹیسٹ کے دوران متبادل فیلڈر کو مبینہ طور پر منٹس لینے ڈریسنگ روم بھیجا گیا تاہم آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے مداخلت کرتے ہوئے متبادل فیلڈر کو واپس بھیج دیا اور سابق آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر کھلاڑیوں کے مبینہ اقدام پر شدید برہم ہوئے اور انہوں نے انہیں سخت پیغام دیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹم پین نے سپورٹ اسٹاف کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی کپتانی میں منٹس سے گیند کی حالت تبدیل نہیں ہو گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیپ ٹاؤن میں سینڈ پیپر اسکینڈل کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے میدان میں ٹافیاں لے جانے پر بھی پابندی لگائی تھی۔
نئی تحقیق میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ میں سینڈ پیپر کے بغیر بھی بال ٹیمپرنگ کی روایت موجود تھی۔







