مصنوعی ذہانت انسانوں کی عمر 1400 سال تک بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے

سابق آکسفورڈ یونیورسٹی پروفیسر نک بوسٹروم نے دعویٰ کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) مستقبل میں انسانوں کی زندگی 1400 سال تک بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
سویڈش فلسفی اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے فیوچر آف ہیومینٹی انسٹی ٹیوٹ کے بانی ڈائریکٹر نک بوسٹروم کے مطابق سپر انٹیلی جنس مصنوعی ذہانت کی ترقی طب کے شعبے میں ایسی اہم کامیابیاں ممکن بنا سکتی ہے جن کے نتیجے میں انسانی جسم کی حیاتیاتی عمر بڑھنے کے عمل کو روکا جاسکے گا۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے 53 سالہ ماہر تعلیم کا کہنا ہے کہ اگر انسانوں کی عمر بڑھنے کا عمل رک جائے تو ان کی متوقع عمر 1200 سے 1400 سال تک ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر مصنوعی ذہانت کی مدد سے حادثات اور دیگر وجوہات سے ہونے والی اموات کو بھی روکا جاسکے تو انسان 1400 سال سے بھی زیادہ عرصے تک زندہ رہ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ریکارڈ شدہ تاریخ میں سب سے زیادہ عمر پانے والی خاتون فرانس کی جین کالمنٹ تھیں، جن کا انتقال 1997ء میں 122 سال اور 164 دن کی عمر میں ہوا تھا۔
مصنوعی ذہانت پہلے ہی طبی تحقیق میں سائنس دانوں کی مدد کر رہی ہے، گوگل ڈیپ مائنڈ کے تیار کردہ نظام الفا فولڈ نے 20 کروڑ سے زائد پروٹینز کی ساخت کی پیش گوئی کی ہے، جس سے نئی ادویات کی تیاری میں محققین کو مدد مل رہی ہے، تاہم انسانی عمر بڑھنے کے حیاتیاتی عمل کو مکمل طور پر روکنا اب بھی ایک بڑا سائنسی چیلنج ہے۔
2024ء میں جریدے نیچر ایجنگ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اس صدی میں انسانی متوقع عمر میں غیر معمولی اضافے کا امکان کم ہے، جب تک سائنس دان حیاتیاتی عمر بڑھنے کے عمل کو نمایاں طور پر سست کرنے کے طریقے دریافت نہیں کر لیتے۔







