پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری منظرِ عام پر، 3 بار شیطان کو دیکھنے کا ذکر

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے آنجہانی پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری منظرِ عام پر آگئی، جس میں شیطان کو دیکھنے اور شادی شدہ مردوں کو پادری بنانے سے متعلق انکشافات کیے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آنجہانی پوپ، جن کا اصل نام جارج ماریو برگوگلیو تھا، کے ذاتی خیالات، خدشات اور روحانی تجربات پر مبنی یہ تحریریں ’دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی کتاب میں شامل ہیں۔
اس کتاب کو کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز نے مرتب کیا ہے، جو ویٹیکن کے ادارے ’ڈیکاسٹری فار دی ڈوکٹرین آف دی فیتھ‘ کے سربراہ اور پوپ فرانسس کے قریبی معاون رہے ہیں۔
یہ کتاب دنیا کے 94 ممالک میں 5 زبانوں میں شائع کی جا رہی ہے، اس کتاب میں 1992ء سے 2024ء تک کی ڈائری کے اقتباسات، نوٹس اور دستاویزات شامل ہیں۔
کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس نے اپریل 2025ء میں انتقال سے قبل اپنی ذاتی ڈائری کے مندرجات دنیا کے سامنے لانے کی ہدایت کی تھی تاہم کتاب میں مکمل ڈائری شامل نہیں کی گئی۔
کتاب کے سب سے حیران کن حصوں میں سے ایک جنوری 2021ء میں تحریر کیا گیا تھا، جس میں پوپ فرانسس نے اپنے بعض روحانی مشاہدات کا ذکر کیا، جن میں شیطان سے ملاقاتیں بھی شامل تھیں۔
شائع شدہ نوٹس کے مطابق پوپ فرانسس نے اپنی زندگی میں شیطان کو 3 مرتبہ دیکھنے کا تجربہ بیان کیا تھا۔
پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بیونس آئرس میں بشپ کے عہدے پر فائز تھے، پوپ فرانسس نے اپنی ڈائری میں لکھا کہ میں نے اسے گاڑی کی کھڑکی سے دیکھا تھا۔ اس کی آنکھیں مجھے آج بھی یاد ہیں، جو دھمکی آمیز ہونے کے ساتھ ساتھ پُرکشش بھی تھیں۔
انہوں نے دوسری ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بھی ارجنٹائن میں پیش آیا تھا اور پہلے واقعے کے مقابلے میں زیادہ شدید تھا۔
ڈائری میں کلیسائی عہدیداروں کی جانب سے جنسی استحصال کے اسکینڈل پر بھی پوپ فرانسس کے ردعمل کا ذکر موجود ہے۔ ان کے مطابق صورت حال کی سنگینی کا اندازہ ہونے کے بعد انہیں جہنم کے دروازے دکھائی دیے تھے۔
شادی شدہ مردوں کو پادری بنانے پر غور
کتاب میں پوپ فرانسس کے دورِ صدارت میں ویٹیکن اور رومن کیوریا کے اندر موجود اختلافات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس میں ان فیصلوں کا ذکر بھی شامل ہے جو انہوں نے کیے یا جن سے گریز کیا۔
ان معاملات میں شادی شدہ مردوں کو پادری مقرر کرنے کا امکان بھی شامل تھا۔
فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس اس تجویز پر عمل درآمد چاہتے تھے، تاہم داخلی اختلافات اور کشیدگی کے خدشات کے باعث انہوں نے بالآخر اس معاملے کو آگے بڑھانے سے گریز کیا۔







