صحت

نہار منہ زیرہ، اجوائن، سونف کا پانی پینے کے صحت پر حیران کن فوائد

زیرہ، اجوائن اور سونف کا پانی ہاضمہ بہتر بنانے کے لیے ایک مقبول قدرتی مشروب ہے، کچھ افراد میں خالی پیٹ اس کا استعمال گیس، اپھارے اور ہاضمے کی تکلیف کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے کسی بیماری کا معجزاتی علاج نہیں سمجھنا چاہیے۔

ہاضمے کے لیے مفید

زیرہ، اجوائن اور سونف میں موجود قدرتی مرکبات نظامِ ہاضمہ کو سہارا دیتے ہیں اور اپھارے سمیت پیٹ کی عمومی تکلیف کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

وزن کم کرنے میں مدد

ان اجزا میں موجود حیاتیاتی مرکبات جسم میں چربی، سوزش اور آکسیڈیٹو دباؤ کو کم کرنے میں ممکنہ کردار ادا کر سکتے ہیں تاہم صرف یہ مشروب وزن کم کرنے کے لیے کافی نہیں، اس کے لیے متوازن غذاء اور متحرک روٹین بھی اہم ہے۔

خون میں شوگر کی سطح کیلئے معاون

زیرے کے خون میں شوگر کو متوازن رکھنے سے متعلق مثبت اثرات پر تحقیق موجود ہے لیکن ذیابیطس کے مریض اسے اپنی تجویز کردہ دوا کا متبادل نہ سمجھیں اور استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ لازمی کر لیں۔

زیرہ، اجوائن، سونف کا پانی بنانے کا طریقہ

1 چائے کا چمچ زیرہ، 1 چائے کا چمچ اجوائن اور 1 چائے کا چمچ سونف 2 کپ پانی میں رات بھر بھگو کر یا صبح پانی میں ابال کر چھان لیں اور نہار منہ اس پانی کا استعمال کریں۔

کن افراد کو احتیاط کرنی چاہیے؟

حاملہ خواتین، تیزابیت یا سینے کی جلن کے مریض، خون میں شوگر کم کرنے والی ادویات استعمال کرنے والے افراد اور مسالوں سے الرجی رکھنے والوں کو احتیاط کرنی چاہیے۔

تحقیق میں ہر جزو کی روزانہ مقدار تقریباً 1 سے 5 گرام تک استعمال کی گئی ہے تاہم مقدار ہر فرد کی صحت اور برداشت کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق اس مشروب کے ساتھ متوازن غذاء، فائبر سے بھرپور غذاؤں، مناسب پانی اور جسمانی سرگرمی کو معمول کا حصہ بنانا زیادہ اہم ہے۔

جواب دیں

Back to top button