بین الاقوامیسپیشل رپورٹ

خلائی مخلوق انسانوں کے درمیان موجود ہے: سابق امریکی دفاعی انجینئر کا دعویٰ

سابق امریکی دفاعی کنٹریکٹر گیری موشیئر نے حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ خلائی مخلوق پہلے ہی انسانوں کے درمیان رہ رہی ہے۔

امریکی محکمۂ دفاع کے سابق کنٹریکٹر گیری موشیئر کا دعویٰ ہے کہ خلائی مخلوق پہلے ہی زمین پر موجود ہے اور اپنی جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرنے کے لیے مبینہ طور پر زمین کی آبادی دوبارہ بڑھانے کے منصوبے کے تحت امریکی بحریہ کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کر سکتی ہے۔

انہوں نے یہ دعوے برطانوی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیے ہیں۔

یہ انٹرویو ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پینٹاگون نے حال ہی میں نامعلوم پرواز کرنے والی اشیاء (UFOs) سے متعلق اپنی تازہ ترین دستاویزات جاری کی ہیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق گیری موشیئر امریکی فوج کے لیے جدید ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔

ان کی کتاب کے ناشر ’شفیفر‘ (Schiffer) کے مطابق وہ تقریباً 30 برس تک امریکی محکمۂ دفاع میں بطور انجینئر خدمات انجام دیتے رہے ہیں، وہ 2 ایسی تنظیموں سے بھی وابستہ ہیں جو نامعلوم اڑن طشتریوں (UFOs) اور آسمان پر دکھائی دینے والی پُراسرار اشیاء کا مطالعہ کرتی ہیں۔

اپنی کتاب ’دے آر ہیئر: یو ایف اوز اینڈ دیئر آکیوپنٹس‘ میں گیری موشیئر نے یو ایف اوز سے متعلق اطلاعات کے 12 سالہ مطالعے کی بنیاد پر اپنے نظریات پیش کیے ہیں۔

انہوں نے 2004ء میں امریکی بحریہ کے جنگی جہاز یو ایس ایس نمٹز (USS Nimitz) سے متعلق مشہور واقعے کا بھی حوالہ دیا۔

اس واقعے کے دوران امریکی بحریہ کے اس وقت کے کمانڈر ڈیوڈ فریور نے ایک عجیب و غریب سفید رنگ کی، کیپسول نما اڑتی ہوئی شے دیکھنے کی اطلاع دی تھی، جسے بعد میں ’ٹک ٹیک‘ یو ایف او کے نام سے جانا جانے لگا۔

گیری موشیئر کا دعویٰ ہے کہ ایسی پُراسرار اشیاء امریکی بحریہ کے لڑاکا طیاروں کا تعاقب کرتی ہیں اور ان کے قریب پرواز کر کے اپنی جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

ان کے خیال میں یہ پُراسرار اشیاء امریکی فوج کو چیلنج کر رہی ہیں اور یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ ان کی ٹیکنالوجی امریکی فوج کی ٹیکنالوجی سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ ہے۔

اپنے نظریے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر رہے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

جواب دیں

Back to top button