سائبر حملے: امریکی خفیہ اداروں کا ڈیٹا لیک ہوگیا

سائبر سیکیورٹی کی خلاف ورزی سے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور امریکی انٹیلی جنس ادارے کا ڈیٹا لیک ہوگیا۔
امریکی اخبار دی نیویارک ٹائمز نے حکام اور معاملے سے باخبر افراد کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کی ایک خلاف ورزی کے نتیجے میں امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) اور دفتر برائے ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس (او ڈی این آئی) کے زیرِ استعمال ایک تجزیاتی نظام میں موجود معلومات افشا ہو گئی ہیں۔
میڈیا کے مطابق سائبر حملے میں اوپن سورس انٹیلی جنس نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا، جہاں عوامی طور پر دستیاب مواد، سوشل میڈیا کا مواد، سیٹلائٹ تصاویر اور تجارتی بنیادوں پر خریدے گئے ڈیٹا کو یکجا کیا جاتا ہے۔
اگرچہ خفیہ دستاویزات کو اس خلاف ورزی سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کے نتیجے میں دیگر امریکی وفاقی اداروں کی معلومات بھی افشا ہوئی ہیں۔
تحقیقاتی حکام نے تاحال عوامی سطح پر نہ تو سائبر حملے میں ملوث افراد یا گروہ کی شناخت ظاہر کی ہے اور نہ ہی اس بات کی وضاحت کی ہے کہ کون سا ڈیٹا متاثر ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ زراعت نے سائبر سیکیورٹی کے ایک واقعے کے بعد اپنی داخلی ایپلی کیشنز عارضی طور پر بند کر دی تھیں، جبکہ حال ہی میں ایف بی آئی کے نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر (این سی آئی سی) کو بھی ہیک کر لیا گیا تھا۔ یہ ملک بھر میں جرائم سے متعلق معلومات کا ایک اہم ڈیٹا بیس ہے۔






