ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر کا فون پر رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اپنے دورۂ چین کے دوران پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف اور مسلح افواج کے کمانڈر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ رابطہ بدھ کے روز اس وقت ہوا جب عباس عراقچی بیجنگ میں موجود تھے۔ اس سے قبل بیجنگ میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے کہا تھا کہ ایران ایسے سفارتی حل کا خیرمقدم کرتا ہے جو عوام کے حقوق اور مفادات کی ضمانت دیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اطلاعات ہیں کہ چینی صدر شی جن پنگ آئندہ ہفتے واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر سکتے ہیں، تاہم بیجنگ نے تاحال اس دورے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
ادھر چند گھنٹے قبل شمالی کیرولینا میں ایک انتخابی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ ’ایران ایک معاہدہ چاہتا ہے‘۔







