سافٹ ویئر انجینئر کی 30 دن کی تنخواہ سے اداکاری کا 1 دن کا معاوضہ کہیں زیادہ ملا

پاکستانی اداکار نمیر نواز خان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ چھوڑ کر شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں اظہارِ خیال کیا ہے۔
احمد علی بٹ کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نمیر خان نے بتایا کہ آئی ٹی کے طالب علم کی حیثیت سے میں خود کو زیادہ ذہین نہیں سمجھتا تھا اور مجھے کسی بھی چیز کو سیکھنے کے لیے دوسروں کے مقابلے میں زیادہ وقت اور محنت درکار ہوتی تھی۔
اداکار کا کہنا ہے کہ میں کچھ سیکھنے میں قدرے سست ہوں اور جانتا ہوں کہ ہر کام کے لیے اضافی محنت کرنا پڑتی ہے، شہرت، مداحوں اور چمک دمک سے دور رہنے کی کوشش کرتا ہوں کیونکہ میرے نزدیک یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے۔
نمیر خان نے بتایا ہے کہ میرا تعلق ایسے خاندان سے ہے جہاں والد کی جانب سے رشتے دار کاروبار سے وابستہ ہیں جبکہ والدہ کی جانب سے زیادہ تر افراد انجینئرز یا ڈاکٹرز ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2015ء میں ملازمت کے دوران میں اکتا گیا تھا، جم جانا اور اپنی شخصیت کو بہتر رکھنا میرا شوق تھا، اسی دوران مجھے ایک ایجنسی کے بارے میں معلوم ہوا جہاں اشتہارات اور فیشن شوٹس کے ذریعے شوبز میں آنے کا موقع مل سکتا تھا، جس کے بعد میں نے قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔
اداکار کے مطابق مجھے اپنا پہلا اشتہار سجل علی اور مومنہ مستحسن کے ساتھ کرنے کا موقع ملا۔
نمیر خان نے کارپوریٹ ملازمت اور اداکاری سے حاصل ہونے والی آمدن کا موازنہ کرتے ہوئے بتایا کہ سافٹ ویئر انجینئر کی حیثیت سے 30 دن کی محنت کے بعد ملنے والی تنخواہ کے مقابلے میں مجھے اداکاری کے صرف ایک دن کے کام کا معاوضہ کہیں زیادہ ملا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ فلمیں دیکھنا شوبز میں آنے کی بنیادی تحریک بنا، سنیما سے باہر نکلتے ہوئے اکثر سوچتا تھا کہ میں خود ایسا کام کیوں نہیں کر سکتا، ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ اور فواد خان کی فلمیں دیکھا کرتا تھا۔
اداکار کا کہنا ہے کہ میں دوسرے فنکاروں کی اداکاری کی نقل کرنے کے بجائے اپنے کردار کو اسکرپٹ کے مطابق اپنی سمجھ سے پیش کرنے کو ترجیح دیتا ہوں، کیونکہ دوسروں کو دیکھ کر اداکاری کرنے سے کردار کی اپنی پہچان متاثر ہو سکتی ہے۔







