فردوس جمال و عظمیٰ گیلانی کی جذباتی ملاقات، یادگار لمحات کی ویڈیو وائرل

پاکستان ٹیلی ویژن کے 2 سینئر اور نامور فنکاروں فردوس جمال اور عظمیٰ گیلانی کی طویل عرصے بعد ملاقات نے مداحوں کے دل جیت لیے۔
دونوں فنکاروں نے 1970ء کی دہائی میں ریڈیو، تھیٹر اور ٹیلی ویژن سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا، دونوں نے 1979ء تا 1980ء نشر ہونے والے مشہور ڈرامے ’وارث‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا، جس میں عظمیٰ گیلانی نے ذکیہ غلام علی جبکہ فردوس جمال نے چوہدری انور علی کا کردار ادا کیا تھا، اس کے علاوہ دونوں 1981ء کے معروف ڈرامے ’دہلیز‘ میں بھی ساتھ نظر آئے۔
زندگی میں دونوں فنکار کینسر جیسے موذی مرض کا مقابلہ بھی کر چکے ہیں اور صحت یاب ہوئے ہیں۔
عظمیٰ گیلانی ان دنوں آسٹریلیا سے پاکستان آئی ہوئی ہیں اور لاہور میں اپنے ساتھی فنکاروں سے ملاقاتیں کر رہی ہیں، اسی دوران ان کی اپنے دیرینہ ساتھی فردوس جمال سے جذباتی ملاقات ہوئی، جس کے یادگار لمحات اداکار نورالحسن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیے ہیں۔
ملاقات کے دوران عظمیٰ گیلانی نے فردوس جمال کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے دونوں لیجنڈ فنکاروں کے لیے محبت اور احترام کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
متعدد مداحوں نے حکومتِ پاکستان سے فردوس جمال کی دیکھ بھال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہیں قومی اثاثہ قرار دیا ہے، جبکہ عظمیٰ گیلانی کے لیے بھی محبت اور احترام کا اظہار کیا ہے۔







