پاکستان

سعودی عرب اور مقدس مساجد کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے

پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کا عزم ’غیر متزلزل اور ناقابلِ سمجھوتہ‘ ہے۔

عرب اخبار الشرق الاوسط کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کی مشترکہ دفاعی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے کے لیے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے ضرورت پڑنے پر سعودی عرب میں متفقہ فوجی دستوں اور دفاعی صلاحیتوں کی فوری تعیناتی ممکن ہو سکے۔

ان کے مطابق ان اقدامات میں فوجی تیاری کی سطح میں اضافہ، عسکری انضمام کو مضبوط بنانا، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی کارروائیوں کے لیے رابطہ کاری شامل ہے۔

سعودی عرب میں پاکستانی فوجی موجودگی

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ پاکستانی فوجی پہلے ہی مختلف ذمہ داریوں کے تحت سعودی عرب میں موجود ہیں اور ان کا بنیادی کردار دفاعی معاونت، تربیتی مشقوں اور فوجی مشقوں میں شرکت ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی مقاصد کے لیے سعودی عرب کو درکار ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا، جس میں فوجی عملہ، دفاعی صلاحیتیں، تربیت اور لاجسٹک مدد شامل ہیں۔

تاہم سعودی عرب میں پاکستانی فوجیوں کی تعداد یا ان کی تعیناتی کے مقامات کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عسکری اتحادوں میں ایسی معلومات عام طور پر منظرِ عام پر نہیں لائی جاتیں۔

حالیہ حملوں پر تشویش

پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد کے عملی اقدامات کا فیصلہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد کیا گیا۔ انھوں نے ہوائی اڈوں، شہروں اور شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف اقدام ہیں اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین اور غیر متنازع ترجیح ہے۔ احمد شریف چوہدری نے ساتھ ہی کشیدگی میں کمی، تحمل اور سفارتی حل کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ مزید تصادم کسی کے مفاد میں نہیں۔

ایران کے ساتھ رابطوں کا ذکر

پاکستانی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے نمائندوں اور ایرانی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات کا مقصد کشیدگی میں کمی اور علاقائی تعاون کے لیے ایک فریم ورک تشکیل دینا تھا۔

ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اس عمل میں شرکت اور تہران کا دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں مکالمے اور تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے۔

مکہ اتحاد اور دفاعی معاہدہ

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ گذشتہ برس اعلان کردہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ تزویراتی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کا فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

دوسری جانب مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد ایک سہ فریقی ڈھانچہ ہے جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی شامل ہیں اور جس کا مقصد اجتماعی دفاع، مشترکہ تیاری اور فوجی رابطہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں انتظامات مکمل طور پر دفاعی نوعیت کے ہیں اور کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکی مستقبل میں اجتماعی دفاعی صلاحیت، عسکری تعاون اور علاقائی استحکام کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button