بین الاقوامی

ایران جنگ پر امریکی وزیر جنگ کا مواخذہ کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش

امریکا کے ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے ایران جنگ کے معاملے پر امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کا مواخذہ کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کردی، ساتھ ہی بدنام زمانہ جنسی درندے جیفری ایپسٹین سے متعلق مزید دستاویزات جاری کرنے کا مطالبہ بھی کردیا تاہم اسپیکر مائیک جانسن نے ایوان نمائندگان کی کارروائی جلد ختم کردی اور اراکین کو مڈٹرم الیکشنز کی انتخابی مہم کیلیے بھیج دیا۔

ریاست کینٹاکی سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے ری پبلکن رکن نے اپنی ہی پارٹی کے وزیر جنگ کو ایران کے معاملے پر غیرقانونی جنگ شروع کرنے کا مرتکب قرار دیا ہے اور کہا کہ پیٹ ہیگسیتھ نے کئی دیگر بڑے جرائم اور نامناسب رویے بھی اختیار کیے ہیں، ہیگسیتھ کیخلاف مواخذے کی کارروائی کی جانی چاہیے۔

اسپیکر جانسن کی جانب سے ایوان کی کارروائی ختم کیے جانے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تھامس میسی نے کہا کہ ابھی اہم کام ختم نہیں ہوا تھا۔

اسپیکر کی جانب سے ایوان کی کارروائی ختم کرنے کے سبب تھامس میسی کی قرارداد پر ووٹنگ نہ کی جاسکی۔

ایک گھنٹہ تقریر کرتے ہوئے تھامس میسی نےکہا کہ وہ ایران جنگ روکنا اور جیفری ایپسٹین کے متاثرین کو انصاف دلانا چاہتے ہیں۔

رکن کانگریس کا کہنا تھا کہ اسپیکر جانسن امریکیوں کیلئے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے اور ٹرمپ انتظامیہ کو انصاف کے کٹہرے میں لانے سے انکار کررہے ہیں۔

میسی نے سوال کیا کہ ملک آگ میں جل رہا ہے تو کارروائی ختم کیوں کی جارہی ہے، کیلینڈر کے تحت کارروائی تمام روز جاری رہنی چاہیے اور اشوز پر بحث کی جانی چاہیے۔

جواب دیں

Back to top button