ایران کی جانب سے جان کو خطرہ، امریکی وزیرِ خزانہ فوجی اڈے پر منتقل

امریکی ٹی وی فاکس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے جان کو خطرات کے باعث امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ فوجی اڈے پر منتقل ہو گئے۔
امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے فاکس نیوز کو بتایا کہ ایران کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اپنے اہلِ خانہ سمیت فوجی اڈے پر منتقل ہو گئے۔
سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ دھمکیاں خطرناک حد تک بڑھ چکی تھیں، جس کے باعث بیسنٹ اور ان کے خاندان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
امریکی ٹی وی کا کہنا ہے کہ محکمۂ خزانہ نے اسکاٹ بیسنٹ کی منتقلی کی تصدیق کی ہے۔
فاکس نیوز کے مطابق امریکی انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی سیکیورٹی خدشات پر محفوظ رہائش گاہوں میں منتقل ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ ایران پر تجارتی پابندیوں کے ذریعے اس کی مالیاتی سرگرمیاں محدود کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے اور ایرانی حکومت کی دھمکیوں سے رکنے والے نہیں۔







