سپیشل رپورٹ

ایرانی جوہری تنصیبات کے معائنے کیلئے روس، چین، ایران کی نئی شرائط پیش

روس، چین اور ایران کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) ایران کی جوہری تنصیبات کا معائنہ اسی صورت میں دوبارہ شروع کر سکتی ہے جب جنگی کارروائیاں مکمل طور پر ختم ہو جائیں اور ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے تمام خطرات دور کر دیے جائیں۔

ویانا میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران روسی وفد نے تینوں ممالک کی جانب سے مشترکہ بیان پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جارحانہ کارروائیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی حقیقی رکاوٹوں اور طاقت کے استعمال کے مسلسل خطرے کو مدِنظر رکھے بغیر جوہری حفاظتی اقدامات پر معمول کے مطابق عمل درآمد کے غیر مشروط مطالبات سے آئی اے ای اے کے معائنے مکمل طور پر بحال کرنے میں مدد نہیں ملے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ معائنوں کی بحالی اسی صورت میں ممکن ہے جب جنگی کارروائیاں مکمل طور پر ختم ہو جائیں، دوبارہ جارحیت کے تمام خطرات دور کر دیے جائیں اور اس حوالے سے ٹھوس ضمانتیں فراہم کی جائیں کہ مستقبل میں اس نوعیت کے حملے یا حملوں کی دھمکیاں دوبارہ نہیں دہرائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ آئی اے ای اے کے معائنے کا عمل جون 2025ء میں ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیل اور امریکا کے فوجی حملوں کے بعد متاثر ہوا تھا۔

ایجنسی نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر تصدیق اور نگرانی کی سرگرمیاں معطل کر دیں اور اپنے معائنہ کاروں کو ایران سے واپس بلا لیا تھا۔

اس کے اگلے ماہ ایران نے ایک قانون منظور کیا، جس کے تحت آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون معطل کر دیا گیا۔

بعد ازاں ایران نے ان جوہری تنصیبات کے محدود معائنے کی اجازت دے دی تھی جو حملوں سے متاثر نہیں ہوئی تھیں، تاہم ایجنسی کو ان مقامات تک رسائی حاصل نہ ہو سکی جنہیں نشانہ بنایا گیا تھا اور نہ ہی وہ ان تنصیبات میں موجود جوہری مواد کی موجودہ صورتِ حال کی تصدیق کر سکی۔

جواب دیں

Back to top button