بیٹی نے شرمیلا ٹیگور کے اسلام قبول کرنے کی وجہ بتا دی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے اسلام قبول کرنے کی اہم وجہ سامنے آ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شرمیلا ٹیگور نے سابق بھارتی کرکٹ کپتان منصور علی خان پٹودی سے 1968ء میں شادی سے قبل اسلام قبول کیا تھا اور نام بھی تبدیل کر کے عائشہ رکھا۔
حال ہی میں بھارتی اداکارہ کی بیٹی صبا علی خان نے ایک انٹرویو کے دوران والدہ کے شادی سے قبل مذہب تبدیل کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ہمارے خاندان کی اس وقت کی روایات اور نظام کے تحت مذہب کی تبدیلی کو شادی کے لیے ضروری سمجھا جاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مذہب کی تبدیلی کے ذریعے ہی والدین کی شادی کو قانونی حیثیت حاصل ہوئی اور ہم بچوں کی قانونی حیثیت بھی تسلیم کی گئی، میری دادی کسی بھی دوسرے طریقے سے میرے والدین کو شادی کرنے کی اجازت نہیں دیتیں۔
صبا علی خان نے بتایا کہ میرے والد منصور علی خان پٹودی روشن خیال شخصیت کے مالک تھے، اُنہوں نے والدہ کو مذہب تبدیل کرنے کے باوجود بھی اپنے فلمی کیریئر کو جاری رکھنے کی آزادی دی۔
انہوں نے بتایا کہ والدہ نے مذہب تبدیل کرنے کے بعد نام بھی تبدیل کیا لیکن والد یا خاندان کی جانب سے پاسپورٹ یا دیگر سرکاری دستاویزات میں نام تبدیل کرنے کے لیے والدہ پر کبھی کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا، اسی لیے مذہب کی تبدیلی سے والدہ کی شخصیت یا پیشہ ورانہ زندگی متاثر نہیں ہوئی۔
صبا علی خان نے یہ بھی بتایا کہ ہمارے خاندان میں مذہب کو سختی سے کسی ایک طریقے تک محدود نہیں رکھا گیا، میں ہولی، دیوالی اور عید سمیت مختلف مذہبی تہوار مناتے ہوئے بڑی ہوئی ہوں، جبکہ والدین نے بچوں کو اپنی مرضی کے مطابق مذہب اور عقائد اختیار کرنے کی آزادی بھی دی۔
واضح رہے کہ اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور سابق بھارتی کرکٹر منصور علی خان پٹودی کے 3 بچے ہیں، جن میں سیف علی خان، سوہا علی خان اور صبا علی خان شامل ہیں۔
منصور علی خان پٹودی2011ء میں 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔







