ملائکہ اروڑا نے سیاہ عبائے میں مسجد سے ویڈیو شیئر کر دی

بالی ووڈ اداکارہ، ماڈل و ڈانسر ملائکہ اروڑا نے سیاہ عبائے میں مسجد سے ویڈیو شیئر کر دی۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے اپنی سالگرہ سے قبل کی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہیں ابوظبی کی شیخ زاید گرینڈ مسجد کی زیارت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر کردہ اپنی ویڈیو کے پسِ منظر کے لیے پروفیسر اقبال عظیم کے معروف نعتیہ کلام ’فاصلوں کو تکلّف‘ کا انتخاب کیا ہے۔
ملائکہ اروڑا کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں سیاہ عبائے اور حجاب پہنے عظیم الشان مسجد کے سامنے کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ کچھ مقامات آپ کو ٹھہر کر سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں، جبکہ کچھ آپ کے دل میں احساسات جگاتے ہیں، اس مقام نے یہ دونوں کام کیے۔
ویڈیو میں مسجد کا دلکش سفید بیرونی منظر و شاندار گنبد کے منظر نمایاں دکھائی دے رہے ہیں، جو اس تاریخی عبادت گاہ کے منفرد طرزِ تعمیر اور حسن کو اجاگر کرتے ہیں۔
اداکارہ کی ویڈیو کو مداح بے حد پسند کر رہے اور ان کے نئے انداز کو خوب سراہ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملائکہ اروڑا نے اپنی 53 ویں سالگرہ دبئی میں منائی ہے۔







