
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وزارتِ اعلیٰ کا منصب صرف گاڑی میں بیٹھ کر آنے جانے کا نام نہیں ہے، میری ترجیح صرف اور صرف عوامی خدمت ہے۔
سندھ کی انتظامی سروس کے افسران سے ملاقات اور خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انتظامی سروس کے افسران ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں، ہم روزانہ افسران کے ساتھ مل کر ایک ٹیم کی صورت میں کام کرتے ہیں، ملک نے ہمیں عزت اور پہچان دی ہے، اس لیے ہم اس کے احسان مند ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیلنجز کے باوجود ہم روزانہ نئے جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کے لیے گھر سے نکلتے ہیں اور اپنے روزمرہ کاموں میں ایک منٹ بھی عوامی خدمت سے دور نہیں رہتے، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر روز فیصلے کیے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دفتر آنا، حاضری لگانا، مشکل کام چھوڑ کر آسان کاموں پر دستخط کر دینا نوکری نہیں ہے، میری اپنی کابینہ میں بھی ایسے وزیر ہیں جو لوگوں کو اپنے دروازے پر بلا کر بھول جاتے ہیں، سرکاری منصب پر بیٹھنے والے شخص کو سب سے پہلے اپنی ذات کی نفی کرنا پڑتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں برقی بسیں چلنے کے باعث عوام پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کا کوئی اثر نہیں پڑا۔







