
پاکستان تحریک انصاف اور وفاقی حکومت کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کے چیمبر میں شروع ہو گئے ہیں۔
سیاسی امور کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں حکومت کا چھ رکنی نمائندہ وفد اپوزیشن کے ساتھ ان مذاکرات میں شریک ہے۔
وفاقی زیر داخلہ محسن نقوی، امیر مقام جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر، شیری رحمان اور اعجاز جھکڑانی شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ ناصر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، اور جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر شامل ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بطور سہولت کار اس اجلاس میں شریک ہیں۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ان مذاکرات میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور اپوزیشن کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں اور انھیں طبی سہولتیں فراہم کرنے کے معلاملات زیر غور آرہے ہیں۔
سیاسی امور کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے اجلاس میں شریک ہونے سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج سے کبھی مسائل حل نہیں ہوتے اور تمام مسائل کا حل مزاکرات میں ہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تمام مقدمات کا فیصلہ حکومت نے نہیں بلکہ عدالتوں نے کرنا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین بیرسٹر گوہر نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مزاکرات کامیاب ہوں گے







