امتحانات میں اے آئی اور اسمارٹ چشموں سے نقل پر تمام تعلیمی اسناد منسوخ کرنے کا انتباہ

برطانیہ میں امتحانات کے معیار اور تعلیمی اسناد کی نگرانی کرنے والے ادارے آفکوال (Ofqual) نے جی سی ایس ای اور اے لیول کے طلبہ کو خبردار کیا ہے کہ امتحانات میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، اسمارٹ چشموں یا دیگر جدید الیکٹرانک آلات کے ذریعے نقل کرنا سنگین بدعنوانی تصور ہوگا، جس پر تمام تعلیمی اسناد منسوخ اور مستقبل کے امتحانات میں شرکت پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔
آفکوال کے مطابق جدید اسمارٹ چشموں میں کیمرا، وائرلیس کنکشن اور ڈسپلے کی سہولت موجود ہوتی ہے، جن کے ذریعے امیدوار امتحانی ہال میں خفیہ طور پر نوٹس دیکھنے یا باہر موجود افراد سے رابطہ کرکے جوابات حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
ادارے کے چیف ریگولیٹر سر ایان باکم نے امتحانی بورڈز کو خط لکھ کر ہدایت کی ہے کہ نگران عملے کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے تاکہ مصنوعی ذہانت، اسمارٹ چشموں اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نقل کرنے والے امیدواروں کی نشاندہی کی جاسکے۔
سر ایان باکم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے دکانداروں اور آن لائن فروخت کنندگان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو امتحانات میں نقل کے لیے استعمال ہونے والے آلات کی تشہیر یا فروخت کررہے ہیں۔
آفکوال نے واضح کیا ہے کہ امتحانات کی شفافیت اور تعلیمی نظام پر عوامی اعتماد برقرار رکھنے کے لیے نقل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔







