ایران تمام تر دباؤ کے باوجود مزاحمت کیلئے پوری طرح تیار ہے، ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران تمام تر دباؤ کے باوجود مزاحمت کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
اپنے ایک بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کے خون ناحق کو بھولنے یا نظرانداز نہیں ہونے دیں گے، ہمارے عظیم شہداء کا خون بہانے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی جاری رہی تو امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے، امریکا اور ایران میں بات چیت نہیں ہو رہی، مفاہمتی یادداشت کی امریکی خلاف ورزیاں ہونے تک ایران بات چیت شروع نہیں کرے گا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ثالثین کے ذریعے پیغامات کے تبادلے ہو رہے ہیں، ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، ایران عمان کے درمیان معاہدے سے آبنائے ہرمز کو فوری نہیں کھولا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران عمان معاہدے سے آبنائے ہرمز میں نئی بحری گزرگاہیں بنیں گی۔







