39 منٹ قبلٹرمپ انتظامیہ کا احتساب کریں گے: حکیم جیفریز سپیکر شپ کی دوڑ میں شامل

امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما حکیم جیفریز نے سپیکر کے عہدے کے لیے اپنی امیدواری کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اگر وہ اس عہدے پر منتخب ہو جاتے ہیں تو امریکی تاریخ کے پہلے سیاہ فام سپیکر بننے کا اعزاز حاصل کر لیں گے۔
حکیم جیفریز نے اپنی جماعت کے ارکان کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ ڈیموکریٹس نے اقلیت میں رہتے ہوئے بھی اہم کامیابیاں حاصل کیں، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ عوام کی خواہشات کے مطابق بڑی تبدیلیاں لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی کانگریس کو ایک ایسے امریکہ کے لیے بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی جہاں زندگی کے اخراجات عام شہریوں کی پہنچ میں ہوں۔ ان کے مطابق امریکی عوام اس وقت شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور انہیں ریلیف فراہم کرنا ڈیموکریٹس کی اہم ترجیح ہوگی۔
ڈیموکریٹک رہنما نے واضح کیا کہ ایوانِ نمائندگان محض ٹرمپ انتظامیہ کے زیر اثر ادارے کے طور پر کام نہیں کرے گا بلکہ حکومت کی پالیسیوں پر آئینی نگرانی اور اختیارات میں توازن برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
نیویارک سے تعلق رکھنے والے حکیم جیفریز نے اپنے بیان میں ’ٹرمپ کارٹیل‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام کا استحصال کرنے یا ان سے لوٹ مار کرنے والے افراد مزید چھپ نہیں سکیں گے اور انہیں جواب دہ ہونا پڑے گا۔
تاہم سپیکر کا عہدہ حکیم جیفریز کو محض ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت کی بنیاد پر نہیں ملے گا بلکہ انہیں ایوانِ نمائندگان کے ارکان کی باقاعدہ ووٹنگ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ ایوانِ نمائندگان کے موجودہ سپیکر ریپبلکن رہنما مائیک جانسن ہیں۔ امریکی آئینی جانشینی کی ترتیب میں سپیکر کا عہدہ نائب صدر کے بعد تیسرے نمبر پر آتا ہے۔
حکیم جیفریز کی کامیابی کی صورت میں نہ صرف امریکی پارلیمانی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم ہوگی بلکہ ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک قیادت کو ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کی نگرانی کا اہم موقع بھی ملے گا۔







