امریکی صدر کی جسمانی و ذہنی حالت خراب ہے، نظر انداز نہیں کر سکتے: ٹرمپ کی بھتیجی کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے چچا کی جسمانی اور ذہنی صحت میں مسلسل بگاڑ آ رہا ہے، جسے مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میری ٹرمپ نے اپنے ہفتہ وار نیوز لیٹر میں صدر ٹرمپ کی صحت سے متعلق جاری بحث پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مجموعی جسمانی اور نفسیاتی کیفیت تشویش ناک حد تک متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے صدر ٹرمپ کے طرزِ عمل اور رات گئے سوشل میڈیا پر کی جانے والی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بظاہر وہ ٹھیک دکھائی دیتے ہیں، لیکن نفسیاتی اعتبار سے ان کی حالت مسلسل تنزلی کی جانب بڑھ رہی ہے۔
میری ٹرمپ کے مطابق صدر ٹرمپ اس وقت شدید ذہنی دباؤ اور اپنی ساکھ کو نقصان پہنچنے کے احساس سے نبرد آزما ہیں، عوامی تذلیل کا خوف ان کے لیے سب سے بڑا خدشہ بن چکا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی صحت کے حوالے سے کیے جانے والے یہ الزامات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔







