وزیراعظم نے ایس ایم ایز، ہاؤسنگ اور زراعت کو ترقی کیلئے اہم قرار دے دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، شعبہ ہاؤسنگ اور زراعت کو ترقی کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ترجیحی شعبوں کو قرض کی فراہمی میں سہولت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو فنانسنگ سے متعلق مسائل حل کرنے اور جامع لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ایس ایم ایز اور برآمدکنندگان کے ٹیکس مسائل حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، شعبہ ہاؤسنگ اور زراعت کی ترقی اہم ہے، معیشت میں بہتری اور نوجوانوں کو روزگار فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ زراعت، ہاؤسنگ اور ایس ایم ایز کو قرض فراہم کرنے والے بینک قابل ستائش ہیں، نجی شعبے کی ترقی کیلئے بینک کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ صارفین کوقرض فراہمی میں سست روی اختیار کرنے والے بینکس کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے، ایس ایم ایز معیشت کی ترقی، برآمدات بڑھانے اور روزگار کےلیے بھرپور استعداد رکھتے ہیں۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافے کےلیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم سے ہاؤسنگ و تعمیرات شعبے سے جڑی کئی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔







