جرم و سزا

مصنوعی ذہانت اور بکرے کی مدد سے اپنی موت کا ڈرامہ رچانے والا قاتل گرفتار

بھارتی ریاست اتر پردیش میں قتل کے مقدمے سے بچنے کے لیے ملزم نے اپنی جعلی آخری رسومات ادا کروائیں، بکرے کو جلایا اور مصنوعی ذہانت سے تیار تصاویر عدالت میں پیش کر کے موت کا سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق قتل کے مقدمے کا سامنا کرنے والے 38 سالہ راج کمار راج بھر نے اپنی موت کا ڈرامہ رچا کر قانونی کارروائی سے بچنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اسے تقریباً ڈیڑھ سال بعد گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق راج کمار راج بھر 2024ء میں یوگیش سنگھ کے قتل کے مقدمے میں ضمانت پر تھا، 19 دسمبر 2024ء کو یوگیش سنگھ کو منشی پورہ ریلوے لائن کے قریب گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، مقتول کے بھتیجے اویناش سنگھ کی شکایت پر راج کمار اور اس کے دوست سودرشن راج بھر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ راج کمار نے 30 مئی 2025ء کو غازی پور میں اپنی موت کا جعلی منصوبہ بنایا، اس نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر میں اپنی لاش کو لکڑیوں کے درمیان رکھا دکھایا جبکہ اصل میں ایک بکرے کو جلایا گیا تھا۔

آخری رسومات کی تصاویر بھی تیار کی گئیں تاکہ موت کا واقعہ حقیقی دکھائی دے۔

ان دستاویزات کی بنیاد پر میونسپل کونسل سے راج کمار کا موت کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا گیا جسے عدالت میں پیش کر کے مقدمے سے بچنے کی کوشش کی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم تقریباً ڈیڑھ سال تک آزادانہ زندگی گزارتا رہا، اسے 25 اکتوبر کو خصوصی آپریشن گروپ اور تحقیقاتی ٹیم نے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم بارہویں جماعت کا امتحان پاس نہیں کر سکا تھا اور اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کرتا تھا، اس نے مختلف شہروں کے بااثر افراد سے رقم لے کر اسے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے قتل کے مقدمے سے بچنے اور لوگوں کی رقم واپس نہ کرنے کے لیے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا۔

راج کمار کے خلاف جعل سازی کا ایک الگ مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے جبکہ اب اسے قتل کے مقدمے میں دوبارہ قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔

جواب دیں

Back to top button