مکہ معاہدے میں شریک ممالک کے اعلیٰ حکام آج ایرانی حکام سے ملیں گے

مکہ معاہدے میں شریک ممالک پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام آج تہران میں ایرانی حکام سے ملاقات کریں گے۔
برطانوی خبر ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی حکام کے ساتھ ملاقات میں علاقائی رابطوں پر گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب کی نمائندگی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کریں گے۔
ترکیہ کی جانب سے ترک انٹیلی جنس کے سربراہ ملاقات میں شریک ہوں گے۔
ایران کی قومی سلامتی اعلیٰ کونسل کے نائب سیکریٹری علی باقری نے ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تینوں ممالک ایران کے ساتھ مل کر علاقائی سلامتی کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کر سکتے ہیں، ایسا مشترکہ نظام بنایا جا سکتا ہے جو صرف خطے کے ممالک کی صلاحیتوں پر انحصار کرے۔
علی باقری کا کہنا ہے کہ ایران کا دفاعی ماڈل اندرونی صلاحیتوں اور ملکی وسائل پر مبنی ہے، خطے کی سلامتی خطے کے ممالک کے ذریعے یقینی بنانا ایران کی پالیسی ہے۔







