چھوٹے بھائی نے سدھو موسے والا کا مشہور انداز اپنا لیا، ویڈیو وائرل

معروف آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے 2 سالہ چھوٹے بھائی شبھ دیپ سنگھ سدھو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں وہ اپنے بڑے بھائی کے مشہور انداز کی نقل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ منظر کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے اسکوٹیا بینک ایرینا میں سدھو موسے والا کے ہولوگرام ورلڈ ٹور ’سائنڈ ٹو گاڈ‘ کی افتتاحی تقریب کے دوران سامنے آیا۔
ویڈیو میں چھوٹے سدھو اپنے بڑے بھائی کا مشہور انداز ’تھاپی‘ اپناتے دکھائی دیے، جس میں وہ اپنی ران پر ہاتھ مارتے ہیں، اس موقع پر ان کے والد بلکور سنگھ اور والدہ چرن کور بھی اسٹیج پر موجود تھے
۔
سدھو موسے والا کی اسٹیج پر موجودگی کا احساس دلانے کے لیے ہولوگرام ٹیکنالوجی، تھری ڈی عکس بندی، خصوصی بصری اثرات اور گلوکار کی اصل آواز استعمال کی گئی۔
تقریب کے ساتھ ہی ان کے مشہور گانے ’295‘ کی نئی میوزک ویڈیو بھی جاری کی گئی، جس میں گلوکار کی اپنے خاندان کے ساتھ پرانی ویڈیوز شامل ہیں، یہ گانا 2021ء میں ریلیز ہوا تھا۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا جن کا اصل نام شبھ دیپ سنگھ سدھو تھا، 29 مئی 2022ء کو بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
وہ 11 جون 1993ء کو گاؤں موسا میں پیدا ہوئے اور انہوں نے پنجابی موسیقی میں منفرد انداز کے باعث عالمی شہرت حاصل کی۔
سدھو موسے والا کی موت کے 2 سال سے زائد عرصے بعد 17 مارچ 2024ء کو ان کے والدین کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام بڑے بھائی کے نام پر شبھ دیپ سنگھ سدھو رکھا گیا۔







