کنگ چارلس بھی ایپسٹین اسکینڈل کی زد میں، نئے سرے سے تحقیقات کا آغاز

برطانوی کنگ چارلس کی نجی رہائش گاہ بالمورل اسٹیٹ ان دنوں توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جس کی جیفری ایپسٹین سے متعلق نئے اور چونکا دینے والے الزامات سامنے آنے کے بعد تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
حالیہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکاٹ لینڈ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ مبینہ طور پر خواتین کو اسمگل کر کے شاہی رہائش گاہ تک پہنچانے کے الزامات اور ان سے متعلق ممعلومات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
حکام بدنامِ زمانہ امریکی سرمایہ کار جیفری ایپسٹین اور اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر سے متعلق ان دعوؤں کی تحقیقات کر رہے ہیں، جن میں دونوں کے ہائی لینڈز میں واقع شاہی ملکیت سے روابط کا ذکر کیا گیا ہے۔
اسکائی نیوز کے مطابق یہ پیش رفت امریکی محکمۂ انصاف کی فائلوں میں ایسی تصاویر سامنے آنے کے بعد ہوئی ہے، جن میں جیفری ایپسٹین اور اس کی ساتھی گیلین میکسویل کو 1990ء کی دہائی کے دوران بالمورل اسٹیٹ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ایپسٹین اور اینڈریو کی ایک ساتھ اس اسٹیٹ میں شکار کے دوران لی گئی تصاویر بھی منظرِ عام پر آئی ہیں۔
اسکاٹ لینڈ کی چیف کانسٹیبل جو فیرل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مختلف فریقین کی جانب سے جو معلومات موصول ہوئی ہیں، ان کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ طے کریں گے کہ مزید کیا کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ بالمورل اسٹیٹ کنگ چارلس کو ملکہ الزبتھ دوم کی موت کے بعد وراثت میں ملی تھی۔
اسکاٹ لینڈ کے علاقے ایبرڈین شائر میں واقع یہ جائیداد کئی نسلوں سے شاہی خاندان کی ملکیت رہی ہے اور آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی پسندیدہ رہائش گاہوں میں شمار ہوتی تھی۔
جیفری ایپسٹین سے تعلقات کے معاملے پر اینڈریو کے ملوث ہونے کے بعد شاہی خاندان بھی مختلف تنازعات کی زد میں رہا ہے۔
جیفری ایپسٹین 2019ء میں نیویارک کی جیل میں اس وقت مردہ پایا گیا تھا جب وہ وفاقی سطح پر جنسی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت مقدمے کی سماعت کا منتظر تھا۔
2026ء کے اوائل میں اینڈریو کو ایپسٹین سے روابط کے سلسلے میں عوامی عہدے کے اختیارات کے ناجائز استعمال کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتاری کے بعد کنگ چارلس نے کہا تھا کہ قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
بادشاہ نے یہ یقین دہانی بھی کرائی تھی کہ تحقیقات کرنے والے حکام کو شاہی خاندان کی جانب سے مکمل اور بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔







