پسند کی شادی کے خواہشمند افراد کیلئے فن لینڈ کا انوکھا اقدام

فن لینڈ نے پسند کی شادی کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک منفرد اور دلچسپ مہم کا آغاز کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فن لینڈ کے سیاحتی ادارے ’وزٹ فن لینڈ‘ نے ’فنش ڈنر ڈیٹ‘ کے نام سے ایک خصوصی مہم شروع کی ہے، جس کے تحت دنیا بھر سے 16 غیر شادی شدہ افراد کو بالکل مفت میں ملک کے دورے پر مدعو کیا جائے گا۔
اس مہم کا مقصد بین الاقوامی سیاحوں کو فن لینڈ کی ثقافت، روایتی کھانوں اور مقامی افراد سے متعارف کروانا ہے، جبکہ اس دوران محبت تلاش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
اس خصوصی مہم کا انعقاد اگلے سال 9 سے 19 فروری کے درمیان کیا جائے گا، جس میں منتخب افراد ہیلسنکی اور تامپرے کے شہروں میں مقامی غیر شادی شدہ افراد کے ساتھ گروپ ڈنر ڈیٹس میں شرکت کریں گے۔
اس منفرد مہم کے تحت منتخب ہونے والے افراد کے ٹکٹس، رہائش، کھانے اور مختلف سرگرمیوں کے تمام اخراجات فن لینڈ کا سیاحتی ادارہ برداشت کرے گا۔
شرکاء کو فن لینڈ کے روایتی اور علاقائی کھانوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی ملے گا، جن میں جنگلی مچھلی، مختلف اقسام کی بیریز اور قدرتی طور پر جمع کی گئی مشروم شامل ہیں۔
ان کھانوں کے خصوصی مینیو ملک کے معروف شیفس تیار کریں گے جبکہ ڈنر ڈیٹس کا انعقاد پُرسکون گروپ سرگرمی کے طور پر کیا جائے گا۔
محبت کی تلاش کا خیال کہاں سے آیا؟
فن لینڈ کی اس مہم کا خیال ملک میں مقبول ڈیٹنگ رجحان ’سنکّو کوری‘ (Sinkkukori) سے لیا گیا ہے، جس کا مطلب ’سنگلز کی ٹوکری‘ ہے۔
فن لینڈ کی بعض سپر مارکیٹس میں گلابی رنگ کی شاپنگ باسکٹس متعارف کروائی گئی ہیں، جنہیں غیر شادی شدہ افراد اس اشارے کے طور پر استعمال کرتے ہیں کہ وہ کسی سے بات چیت یا ڈیٹنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
وزٹ فن لینڈ کے مطابق اس مہم کے ذریعے مقامی کھانوں اور ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے کا منفرد موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
فن لینڈ کے اس مفت دورے کے لیے دنیا بھر کے 18 سال یا اس سے زائد عمر کے غیر شادی شدہ افراد وزٹ فن لینڈ کے سرکار ویب سائٹ پر درخواست دے سکتے ہیں، تاہم فن لینڈ کے رہائشی اس مہم میں شامل نہیں ہو سکتے۔







