فن اور فنکار

ڈی جے ایلن واکر نے لاہور پہنچ کر پاکستانی مداحوں کو حیران کر دیا

عالمی شہرت یافتہ ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر ایلن واکر لاہور پہنچ گئے۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایلن واکر نے لاہور کی گلیوں میں سیر کرتے متعدد اسٹوریز شیئر کر کے پاکستانی مداحوں کو حیران کر دیا۔

ڈی جے کی انسٹا اسٹوری سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ معروف پاکستانی گانے ’الفاظ‘ کے گلوکار حمزہ ملک اور زین ذوہیب کے ساتھ کسی میوزک پروجیکٹ پر کام کرنے کے لیے آئے ہیں۔

 

 

ایلن واکر انسٹا اسٹوریز میں گانے ’الفاظ‘ کی میوزک ویڈیو دیکھتے ہوئے نظر آئے، ویڈیو میں انہوں نے گلوکاروں کے پیچھے ماسک پہنے ایک شخص کی نشاندہی کی جس کا لباس خود ایلن واکر کے مخصوص انداز سے خاصی مماثلت رکھتا تھا۔

’فیڈڈ‘ کے گلوکار نے اپنی اسٹوری میں لکھا ہے کہ ویڈیو میں یہ ایلن واکر جیسا کون ہے؟ ویسے ویڈیو بہت خوبصورت ہے۔

ایک اور اسٹوری میں ایلن واکر نے یوٹیوب پر گلوکار حمزہ ملک کی جانب سے دیے گئے جواب کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔

حمزہ ملک نے لکھا ہے کہ ’بھائی! آپ کا شکریہ، فی الحال ایلن واکر ایک معمہ ہیں، لیکن شاید ہم مل کر ان کا سراغ لگا سکیں‘۔

ڈی جے ایلن واکر نے لاہور پہنچ کر پاکستانی مداحوں کو حیران کر دیا

29 سالہ ایلن واکر نے بعدازاں ایئر پورٹ سے اپنی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے کہا کہ حمزہ نے مجھے جواب دے دیا ہے، یہ گانا ہر جگہ سنائی دے رہا ہے، چلیے لاہور چلتے ہیں اور اس کام کو مکمل کرتے ہیں۔

اس کے بعد شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں لاہور کی سڑکوں پر دیکھا جا سکتا ہے، ایلن واکر نے الفاظ کے گلوکاروں کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی پوسٹ کی، تاہم ایلن واکر یا گلوکاروں میں سے کسی نے بھی تاحال اس منصوبے کی تفصیلات پیش نہیں کی ہیں۔

اس کے باوجود اس مختصر اشارے نے مداحوں میں خاصا جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گانے ’الفاظ‘ کو دنیا بھر میں پذیرائی مل چکی ہے اور یہ اسپاٹیفائی کے ٹاپ 50 گلوبل چارٹ میں بھی جگہ بنا چکا ہے۔

ایلن واکر کو 2015ء میں اپنے مقبول گانے ’فیڈڈ‘ سے عالمی شہرت حاصل ہوئی تھی، جس میں گلوکارہ آئسلن سولہائم نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا، اس گانے نے 14 ممالک میں پلاٹینم سرٹیفکیشن حاصل کی۔

ایلن واکر کے مشہور گانوں میں فیڈڈ، آلوون اور دی اسپیکٹر شامل ہیں، جو یوٹیوب پر 1، 1 ارب سے زائد مرتبہ دیکھے جا چکے ہیں۔

ان کے دیگر معروف گانوں میں سنگ می ٹو سلیپ، ڈارک سائیڈ، سبریانا کارپنٹر اور فاروکو کے ساتھ آن مائی وے، جبکہ ایوا میکس کے ساتھ آلوون، پارٹ ٹو شامل ہیں۔

ایلن واکر اپنی پرفارمنس کے دوران ماسک پہنتے ہیں، جو اب ان کی پہچان بن چکا ہے۔

جواب دیں

Back to top button