علی ظفر کا نیا روپ دیکھ کر مداح حیران

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کی حیران کن ٹرانسفارمیشن نے مداحوں کو چونکا دیا۔
علی ظفر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی نئی ویب سیریز ’گینگز آف خراسان‘ کا ایک ٹیزر شیئر کیا ہے۔
انہوں نے سیریز میں اپنے کردار ’بوستان خان‘ کی پہلی جھلک دکھاتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ خبردار کیا تھا کہ میرے ساتھ مت الجھنا، میں بوستان خان ہوں اور میری دنیا میں صرف میرے اصول ہیں۔
اداکار بوستان خان کے روپ میں گھنی مونچھوں اور چشمے کے ساتھ قدرے سخت مزاج و منفرد لگ رہے ہیں، ان کا یہ انداز ان کے روایتی دلکش اور رومانوی انداز سے بالکل مختلف ہے۔
ان کا یہ نیا روپ دیکھ کر مداح نا صرف حیران ہیں بلکہ سوشل میڈیا پر یہ بحث بھی چھڑ گئی ہے کہ بوستان خان کا کردار ویب سیریز کی کہانی میں ہیرو کا ہو گا، ولن کا یا پھر کوئی پیچیدہ اور پراسرار شخصیت کا؟
ویب سیریز ’گینگز آف خراسان‘ کی کہانی یا علی ظفر کے کردار بوستان خان سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم اداکار کے اس نئے روپ نے ویب سیریز کے لیے مداحوں کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔







