کیٹ مڈلٹن کی کینسر سے صحتیاب ہونے میں کس چیز نے سب سے زیادہ مدد کی؟

برطانوی شہزادی کیتھرین مڈلٹن نے کینسر سے اپنی جنگ کے دوران قدرت سے قربت کے تجربے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ فطرت سے تعلق نے مجھے سکون اور حوصلہ دیا۔
شہزادی کیتھرین نے یہ بات خیراتی ادارے ’ڈوز آف نیچر‘ کے دورے کے دوران کہی جو قدرت سے قربت کے ذریعے لوگوں کی ذہنی صحت بہتر بنانے کے لیے کام کرتا ہے۔
اس موقع پر ادارے کی بانی ڈاکٹر ایلیسن گرین وُڈ، طبی امور کی سربراہ ڈاکٹر جارجینا گولڈ اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
کیٹ مڈلٹن نے ایک رضاکار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ روایتی علاج اور قدرت سے قربت، دونوں کے تجربات مختلف رہے لیکن مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ قدرت سے تعلق میرے لیے بھی شفا اور سکون کا ذریعہ بنا اور یہ احساس میں نے خود محسوس کیا۔
شہزادی کا کہنا ہے کہ قدرت سے تعلق لوگوں کو زندگی میں مقصد اور اپنائیت کا احساس دیتا ہے، مستقبل کے بارے میں غیر یقینی اور حالات پر اختیار نہ ہونے کے باوجود قدرت سے تعلق انسان کو مشکلات کا سامنا کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔
واضح رہے کہ کیٹ مڈلٹن نے 2024ء میں خود میں کینسر کی تشخیص کا اعلان کیا تھا اور اس دوران صحت یابی کے سفر میں قدرت سے قربت کی اہمیت پر بھی بات کی تھی۔







