ٹیکنالوجی

چین میں انسانوں جیسی متعدد صلاحیتوں کا حامل حیران کن روبوٹ متعارف

چین کا کنگ فو روبوٹ گاڑی کے دروازے توڑنے اور چاقو بردار حملہ آور کو قابو کرنے کی صلاحیت کے ساتھ سامنے آ گیا۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کی ٹیکنالوجی کمپنی یونٹری روبوٹکس نے ایک نیا انسان نما روبوٹ متعارف کروایا ہے، جو حیرت انگیز طور پر گاڑی کے دروازے پر بھرپور طاقت سے لاتیں مارنے، بلندی سے چھلانگ لگانے، چاقو بردار حملہ آور کو قابو کرنے اور گاڑی کے نیچے پھنسے شخص کو بچانے جیسے کام کرنے کی صلاحیتیں رکھتا ہے۔

کمپنی نے سوشل میڈیا پر اپنے نئے روبوٹ ’H2-X کنگ فو لیجنڈ گارڈین‘ کی ویڈیو ریلیز کی ہے۔

اس ویڈیو میں روبوٹ کو مارشل آرٹس کا شاندار مظاہرہ کرتے اور مختلف ہنگامی حالات میں لوگوں کی مدد کرتے دکھایا گیا ہے۔

 

روبوٹ ایک کھڑی گاڑی پر چڑھتا، قلابازی کھاتا اور پھر گاڑی کے دروازے پر لاتیں مارتا بھی نظر آیا۔

ویڈیو کے ایک منظر میں اسے تقریباً 4 میٹر کی بلندی سے نیچے چھلانگ لگا کر زمین پر اترتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں روبوٹ ایک خاتون کی جانب چاقو لے کر بڑھنے والے شخص کا راستہ روکتے اور اسے قابو کرتے اور گاڑی کے نیچے پھنسے شخص کو باہر نکالتے بھی نظر آیا۔

ویڈیو میں روبوٹ کو ایک بچے جیسے مجسمے کو تیز رفتار گاڑی کے راستے سے ہٹاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق روبوٹ کی زیادہ سے زیادہ اسٹینڈ بائی برداشت تقریباً 8 گھنٹے ہے۔

فی الحال کمپنی نے اس روبوٹ کی قیمت، مارکیٹ میں دستیابی کی تاریخ اور تفصیلی تکنیکی خصوصیات ظاہر نہیں کیں اور یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ ویڈیو میں دکھائے گئے تمام کام روبوٹ نے خودکار نظام کے ذریعے انجام دیے یا اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا گیا۔

روبوٹ کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

کچھ صارفین نے اس روبوٹ کی جسمانی صلاحیتوں کو حیران کن قرار دیا ہے جب کہ کچھ نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ اس طرح روبوٹس کو لڑائی اور تشدد سے متعلق کاموں کے لیے تربیت دینا کس حد تک مناسب ہے؟

جواب دیں

Back to top button