پاکستان

پاکستان میں بطور امریکی سفیر نامزد نیٹلی اے بیکر کون ہیں؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی محکمۂ خارجہ کی سینئر سفارت کار نیٹلی اے بیکر کو پاکستان میں بطور امریکی سفیر نامزد کر دیا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے گزشتہ روز (9 نومبر کو) جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق نیٹلی اے بیکر کا نام سینیٹ کی منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی نیٹلی بیکر سینئر فارن سروس کی منسٹر کونسلر کلاس کی کیریئر سفارت کار ہیں۔

نیٹلی اے بیکر جنوری 2025ء سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بطور امریکی ناظم الامور (Chargé d’Affaires) خدمات انجام دے رہی ہیں اور انہیں منسٹر کونسلر کا عہدہ حاصل ہے۔

انہوں نے 16 اگست 2024ء کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں نائب چیف آف مشن (DCM) کی ذمے داریاں سنبھالی تھیں۔

اسلام آباد میں موجودہ تعیناتی سے قبل اگست 2021 سے جولائی 2024 تک وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے میں نائب چیف آف مشن کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔

ان کے سابقہ عہدوں میں امریکی محکمۂ خارجہ کے بیورو آف نیئر ایسٹرن افیئرز میں دفتر برائے شمالی افریقی امور کی ڈائریکٹر، لیبیا میں امریکی مشن کی نائب سربراہ مشن و ناظم الامور، دبئی میں امریکی قونصل خانے کے ایران ریجنل پریزنس آفس کی نائب ڈائریکٹر، ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں بطور ثقافتی امور کی افسر اور کویت میں امریکی سفارت خانے میں اقتصادی امور کی کونسلر کے عہدے پر فائض رہ چکی ہیں۔

کویت میں تعیناتی کے دوران انہوں نے عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلاء میں معاونت کے لیے امریکی محکمۂ دفاع کے ساتھ بھی کام کیا، جبکہ 2009ء سے 2011ء تک انہوں نے لیبیا میں سیاسی و اقتصادی امور کی کونسلر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

یہ وہ دور تھا جب لیبیا اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آ رہے تھے۔ وہ 2011ء کے لیبیائی انقلاب تک وہاں تعینات رہیں، تاہم انقلاب کے باعث امریکی سفارت خانے کو خالی کرنا پڑا۔

پاکستان میں امریکی ناظم الامور کی حیثیت سے نیٹلی اے بیکر امریکا اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی سفارتی کوششوں میں سرگرم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

انہوں نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی، جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی کے کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج کی 2017ء کی مایہ ناز گریجویٹ بھی ہیں۔ نیٹلی بیکر عربی، ہسپانوی، فارسی اور روسی زبانوں پر عبور رکھتی ہیں۔

حالیہ نامزدگی کے بعد نیٹلی اے بیکر کو باضابطہ طور پر عہدہ سنبھالنے کے لیے امریکی سینیٹ کی منظوری درکار ہو گی۔

نیٹلی بیکر کی نامزدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور علاقائی امور پر سفارتی روابط جاری ہیں۔

خیال رہے کہ ان سے قبل ڈونلڈ بلوم پاکستان میں امریکی سفیر تھے۔

جواب دیں

Back to top button