امریکی مڈٹرم انتخابات، متعدد پاکستانی نژاد امیدوار کامیاب

امریکا کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں متعدد پاکستانی نژاد امریکی امیدوار کامیاب ہو گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پاکستانی نژاد امریکی امیدواروں کی اکثریت نے انتخابی میدان میں کامیابی حاصل کی۔
پنسلوانیا کی ریاستی اسمبلی کی نشست پر پاکستانی نژاد امریکی مریم صبیح رکن منتخب ہو گئیں۔
کنیکٹیکٹ میں ڈیموکریٹ امیدوار مریم خان نے ریاستی سینیٹ کے ڈسٹرکٹ 2 میں کامیابی حاصل کر کے سینیٹ کی نشست اپنے نام کر لی، جبکہ پاکستانی نژاد امریکی سعود انور کنیکٹیکٹ کے ریاستی سینیٹ ڈسٹرکٹ 3 سے دوبارہ منتخب ہو گئے۔
ٹیکساس میں پاکستانی نژاد امریکی سلمان بھوجانی ریاستی اسمبلی کے رکن دوبارہ منتخب ہو گئے، انہوں نے ڈسٹرکٹ 92 میں 67 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
اسی طرح سلیمان لالانی بھی ٹیکساس کے ریاستی اسمبلی کے حلقے ڈسٹرکٹ 76 سے دوبارہ کامیاب ہو گئے، انہوں نے 67 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
جارجیا میں پاکستانی نژاد امریکی امیدوار فاروق مغل نے ریاستی اسمبلی کی نشست جیت لی، انہوں نے ڈسٹرکٹ 105 میں 60.8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
دوسری جانب فلوریڈا میں ری پبلکن جماعت کے پاکستانی نژاد امریکی امیدوار امتیاز محمد ریاستی اسمبلی کا انتخاب ہار گئے۔







