انور مقصود کا آخری اسٹیج ڈرامہ پیش کرنے کا اعلان

پاکستان کے معروف ادیب، ڈرامہ نگار و اداکار انور مقصود نے اپنے آخری اسٹیج ڈرامے ’تھانہ نہ دھیم تھانہ‘ پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انور مقصود کا کہنا ہے کہ میرا ڈرامہ ’ہاؤس اریسٹ‘ آخری اسٹیج ڈرامہ ہونا تھا، تاہم حالات کے باعث مجھے ایک اور ڈرامہ لکھنا پڑا۔
واضح رہے کہ 15 مارچ 2024ء کو انور مقصود نے اپنے اغواء سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بیان جاری کیا تھا۔
انہوں نے اس موقع پر اپنے مداحوں اور احباب کی جانب سے تشویش اور فکر کا اظہار کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
انور مقصود پاکستان کے ممتاز ڈرامہ نگار، طنز و مزاح نگار، ٹی وی میزبان، اداکار، نغمہ نگار اور مصور ہیں، ان کا فنی کیریئر پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے۔
انور مقصود کا تعلق ایک ادبی اور فنکار گھرانے سے ہے، ان کی بہنوں میں معروف ادیبہ فاطمہ ثریا بجیا، شاعرہ زہرا نگاہ اور زبیدہ طارق شامل ہیں۔
ان کی سوانح حیات الجھے سلجھے انور کے نام سے شائع ہو چکی ہے جس کی تقریبِ رونمائی کراچی میں ہوئی تھی۔







