پاکستان

کل سے کراچی میں 25 سے زائد مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائیں گے: منعم ظفر

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کل سے کراچی میں 25 سے زائد مقامات پر احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔

انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، کراچی میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ صرف 2 سے 3 فیصد افراد بجلی کے بل ادا نہیں کر رہے جبکہ کے الیکٹرک کراچی کے عوام کو اجتماعی سزا دے رہی ہے۔

انہوں کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی ذمے داری ہے کہ بل ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، کراچی میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

منعم ظفر نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی اور بھتہ ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ لیوی کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے، عوام کے لیے 2 وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button