شادی سے 1 دن قبل دلہن نے والدین سمیت خودکشی کر لی

بھارتی ریاست کرناٹک میں شادی سے صرف 1 دن قبل دلہن اور اس کے والدین نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خودکشی کرنے والوں میں 50 سالہ شیونا (والد)، 45 سالہ ناگارتھنا (ماں) اور 21 سالہ بیٹی رکشیتھا شامل ہے، تینوں نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں زہر کھا کر زندگی کا خاتمہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رکشیتھا کی شادی اگلے روز ہونا طے تھی تاہم خاندان گزشتہ چند دنوں سے شدید ذہنی اور جذباتی دباؤ کا سامنا کر رہا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاؤں کا رہائشی الاس گوڑا رکشیتھا سے شادی کرنا چاہتا تھا، جب رکشیتھا کا رشتہ کسی اور شخص سے طے ہو گیا تو اس نے مبینہ طور پر دلہن کے بارے میں منفی باتیں پھیلانا شروع کر دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ الاس گوڑا نے مبینہ طور پر رکشیتھا کی تصاویر اور پیغامات اس کے منگیتر کو بھیج کر شادی رکوانے کی بھی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کو جائے وقوع سے ایک خط بھی ملا ہے جس میں مبینہ طور پر الاس گوڑا کو رکشیتھا اور اس کے والدین کی موت کا ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق الاس سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تفتیشی حکام خودکشی کے نوٹ، ڈیجیٹل شواہد اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔







