فن اور فنکار

زندگی بھر صحیح ساتھی کا انتظار کیا، 60 سال کی عمر میں شادی کی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سہاسنی مولے نے 60 سال کی عمر میں پہلی بار شادی کرنے کے فیصلے اور اپنی محبت کی کہانی سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے سہاسنی مولے نے بتایا کہ میں نے زندگی بھر صحیح ساتھی کا انتظار کیا اور صرف شادی کرنے کے لیے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

75 سالہ اداکارہ نے کہا کہ میں نے 60 سال کی عمر میں پہلی بار شادی کی، اس سے پہلے مجھے کبھی ایسا شخص نہیں ملا جو میرے خیالات اور اقدار سے مطابقت رکھتا ہو، میرے شوہر ایک معروف سائنسدان ہیں، جب وہ سائنس کی بات کرتے ہیں تو مجھے کچھ سمجھ نہیں آتا، لیکن وہ ایک شاندار انسان ہیں۔

سہاسنی مولے نے بتایا کہ میں ایک ساتھی اداکار کے مشورے پر فیس بک استعمال کرنے لگی تھی، اسی دوران میری نظر اتل گرتو کی پروفائل پر پڑی، جو اس وقت مشہور سائنسی منصوبے لارج ہیڈرون کولائیڈر پر کام کر رہے تھے۔

اداکارہ کے مطابق سائنس میں دلچسپی کی وجہ سے میں نے اتل گرتو کو پیغام بھیجا اور پوچھا کہ ایل ایچ سی کیا ہے؟ اس کے بعد ہم دونوں کے درمیان میسجز کا تبادلہ شروع ہوا اور رفتہ رفتہ دوستی گہری ہوتی گئی، بعد ازاں اتل گرتو نے زندگی کے ساتھی کی تلاش کا ذکر کیا۔

سہاسنی مولے نے کہا کہ ابتداء میں مجھے شک تھا، اس لیے میں نے اچھی طرح تصدیق کی کہ وہ واقعی وہی شخص ہیں جو خود کو ظاہر کر رہے ہیں، ملاقات کے بعد ہم دونوں نے جلد شادی کا فیصلہ کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نومبر کے آخر میں ملے، کافی بات چیت ہوئی اور پھر 16 جنوری کو ہماری شادی ہو گئی، جب فیصلہ کر لیا تو مزید انتظار کرنے کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب میری والدہ نے اتل گرتو سے اس عمر میں شادی کی وجہ پوچھی تو انہوں نے جواب دیا کہ سہاسنی نے پوری زندگی اکیلے گزاری ہے اور مزید بھی گزار سکتی ہیں، میں بھی اکیلا رہ سکتا ہوں، لیکن میں خوشی کو ایک موقع دینا چاہتا ہوں، اگر کامیاب نہ ہوئے تو ہم تسلیم کر لیں گے کہ ہم سے غلطی ہوئی۔

سہاسنی مولے کا کہنا ہے کہ جس طرح نوجوانی میں غیر شادی شدہ رہنے پر لوگ مجھے تنقید کا نشانہ بناتے تھے، اسی طرح 60 سال کی عمر میں شادی کرنے پر بھی لوگوں نے مختلف تبصرے کیے۔

واضح رہے کہ اداکارہ اور اتل گرتو کی شادی کو اب 15 سال مکمل ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button