کسی بھی جارحیت کا تباہ کن جواب دیا جائے گا: ایرانی اعلیٰ فوجی کمانڈر کی امریکا کو سخت وارننگ

ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت یا وحشیانہ اقدام کا ایرانی مسلح افواج فیصلہ کُن اور تباہ کُن جواب دیں گی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جاری بیان میں میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا کو شیطانِ بزرگ اور مجرم، دھوکے باز اور فریب کار دشمن قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنی مسلح افواج، عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان اتحاد کو مزید مضبوط بنائے گا اور ماضی کی جنگوں کے مقابلے میں امریکا پر زیادہ بھاری قیمت مسلط کرے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ دشمن فوجی محاذ پر مسلسل ناکامیوں کے بعد اب عوام اور قیادت کے درمیان اختلافات اور تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
میجر جنرل علی عبداللہی نے مزید کہا کہ ہمارے عزیز ملک کی دفاعی طاقت ایران کے شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک بہادر قوم کے امن اور سلامتی کی مضبوط ضمانت ہے۔







