پاکستان

گوادر: سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے گوادر، گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور گرد و نواح میں کلیئرنس آپریشن کے دوران خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں 1 شہری شہید اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، گوادر میں آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گوادر میں آپریشنز مکمل کر کے امن و امان اور ریاستی عملداری بحال کر دی گئی ہے، خاتون کو حملے میں زبردستی استعمال کرنا بلوچ خواتین کی حرمت کے منافی ہے، دہشت گرد بلوچ خواتین کو پروپیگنڈے اور عوامی جذبات بھڑکانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا مقصد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا تھا، عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

جواب دیں

Back to top button