حیرت انگیز

جوڑے نے سیلابی پانی میں شادی کر لی

فلپائن میں ایک جوڑے نے گھٹنوں تک بھرے سیلابی پانی میں شادی کر لی، جہاں شدید بارشوں کے باعث ملک کے بڑے حصے گزشتہ 1 ماہ سے زیرِ آب ہیں۔

منیلا میں واقع سینٹ جان دی بپٹسٹ چرچ میں پانی بھر جانے کے باوجود لیان لیزا گالانگ سفید عروسی لباس زیب تن کیے اور سفید پھولوں کا گلدستہ تھامے احتیاط سے سیلابی پانی میں سے گزرتے ہوئے چرچ پہنچیں، جہاں ان کی گلبرٹ چیکو سے شادی ہوئی۔

دولہا گلبرٹ چیکو نے کہا ہے کہ دونوں نے شادی کی مکمل تیاری کی تھی اور ہمیں اس بات کی پرواہ نہیں تھی کہ گاؤن اور کوٹ بھیگ جائے گا۔

چرچ کے پادری نے مختصر تقریب میں دونوں کو میاں بیوی قرار دیا، شادی میں 15 سے بھی کم افراد شریک ہوئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق چرچ انتظامیہ نے بڑھتے ہوئے سیلاب کے باعث جوڑے کو شادی مؤخر کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم دونوں نے تقریب جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

چرچ تقریباً 1 ماہ سے جزوی طور پر سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا تھا، چونکہ جوڑا شادی ہر صورت مکمل کرنا چاہتا تھا، اس لیے چرچ کے عملے نے اس دن کو ان کے لیے یادگار بنانے کی پوری کوشش کی۔

واضح رہے کہ فلپائن میں اگست کے دوران معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کے باعث ملک کے شمالی حصے میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک آنے والے سیلاب سے 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button