پاکستان

عمران خان کا طبی معائنہ شفا نہیں پمز اسپتال میں کیا گیا: عطاء اللّٰہ تارڑ کا انکشاف

پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کی اڈیالہ جیل سے شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے متعلق وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا بیان سامنے آ گیا۔

عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ قیدی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال لے جایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں ماہرِ امراض چشم، ماہر امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے بانیٔ پی ٹی آئی کا معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔

عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ طبی معائنہ پمز اسپتال میں کرایا گیا جس میں الشفاء اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے، الشفاء اسپتال کے باہر اور راستے میں کارکنوں نے سیکیورٹی کی صورتحال پیدا کی، جس کے پیشِ نظر بانیٔ پی ٹی آئی کو پمز اسپتال لے جایا گیا جہاں طبی معائنے کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی صحت مند پائے گئے۔

وفاقی وزیر کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ عظمیٰ خان علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ طبی معائنے کے بعد انہیں 21 اگست کی صبح 5 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی بانیٔ پی ٹی آئی کو طبی سہولتیں فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی جب انہیں ضرورت پڑی تو طبی سہولتیں دی جائیں گی۔

دوسری جانب جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہیں اسپتال سے اڈیالہ جیل انتہائی سخت سیکیورٹی میں واپس لایا گیا۔

جواب دیں

Back to top button