بین الاقوامی

بھارت و افغانستان کا ڈی این اے ایک جیسا ہے: افغان وزیر کو کہنا مہنگا پڑ گیا

افغانستان کے وزیرِ زراعت، آب پاشی و لائیو اسٹاک مولوی عطاء اللّٰہ عمری نے دورۂ بھارت کے دوران اپنے بیان میں کہا ہےکہ بھارت اور افغانستان کا ڈی این اے ایک جیسا ہے۔

افغان وزیر مولوی عطاء اللّٰہ عمری کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر خوب ٹرولنگ ہو رہی ہے۔

مولوی عطاء اللّٰہ عمری نے دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا پہلا دورۂ بھارت ہے، بھارت پہنچنے پر میرا بھارتی حکومت، وزیرِ خارجہ اور دیگر تمام افراد کی جانب سے نہایت گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے کہ میں اپنے ہی لوگوں کے درمیان موجود ہوں، ایسا لگتا ہے جیسے یہ ہمارا اپنا ہی ملک ہو۔

افغان وزیر نے بھارتی صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ آپ نے ذکر کیا ہمارا اور آپ کا ڈی این اے ایک ہی ہے۔

ان کی اس گفتگو کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور صارفین کی جانب سے ان پر مختلف قسم کے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا ہے کہ بھارتیوں کی بھی کیا زندگی ہے، انہیں پاکستان سے دشمنی میں ایسے لوگوں کو گلے لگانا پڑ رہا ہے جنہیں اقوامِ متحدہ نے دہشت گرد قرار دیا ہوا ہے۔

ایک اور صارف نے بھارت پر طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں، تمام دہشت گردوں کا ڈی این اے ایک ہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button