ہم نے وینزویلا کے 65 ارب بیرل تیل کے ذخائر پر بڑا کنٹرول حاصل کر لیا ہے،‘ ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’واشنگٹن نے وینزویلا کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جسے انھوں نے ’دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا تیل کا معاہدہ‘ قرار دیا۔ ان کے مطابق مذاکرات وینزویلا کی عبوری حکومت اور نجی شعبے کی شرکت سے ہوئے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ’معاہدے کے نتیجے میں امریکہ نے وینزویلا کے ثابت شدہ 65 ارب بیرل سے زائد تیل کے ذخائر میں سے نصف سے زیادہ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’اس معاہدے پر امریکی ٹیکس دہندگان کو کوئی لاگت نہیں آئے گی اور اس سے امریکہ کے تیل کے ذخائر دگنے سے بھی زیادہ ہو جائیں گے۔‘
وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز نے امریکہ کے ساتھ تیل کے معاہدے کی توثیق کرتے ہوئے اسے ’تاریخی‘ قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’اس معاہدے سے ملک کی بحالی پر ’نمایاں اثر‘ پڑے گا اور وینزویلا میں 100 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری جبکہ حکومت کو 209 ارب ڈالر سے زیادہ ٹیکس آمدنی حاصل ہو سکتی ہے۔‘
معاہدے کا اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران کے ساتھ امریکی جنگ نے عالمی سطح پر تیل کی رسد متاثر کی ہے اور پیٹرول کی بلند قیمتیں نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک اہم سیاسی مسئلہ بن چکی ہیں۔
امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ’معاہدے سے عالمی سطح پر تیل کی رسد میں نمایاں اضافہ ہوگا اور طویل مدت میں امریکہ میں پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے میں مدد ملے گی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے مذاکرات میں وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز کے ساتھ کام کیا۔‘
ٹرمپ کے مطابق یہ معاہدہ امریکہ اور وینزویلا کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی کہا ہے کہ ’معاہدے کے تحت وینزویلا میں تقریباً 100 ارب ڈالر کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس سے ملک کی معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی۔‘
تاہم تیل کے ذخائر کا کنٹرول کس طرح منتقل کیا جائے گا اور یہ عمل کب ہوگا، اس کی تفصیلات ابھی واضح نہیں ہیں۔
یونیورسٹی آف ٹیکساس کے انرجی انسٹیٹیوٹ کے سینئر ریسرچ فیلو جارج پینیون کے مطابق ملکیت کی منتقلی کے طریقہ کار اور وقت سمیت کئی سوالات ابھی جواب طلب ہیں۔
اس سے قبل ویب سائٹ ایکسیوس نے رپورٹ کیا تھا کہ ’امریکہ اور وینزویلا تقریباً 90 ارب بیرل کے ثابت شدہ ذخائر رکھنے والے 12 تیل کے ذخائر کے حوالے سے مذاکرات کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان ذخائر کی ترقی میں نجی کمپنیوں، جن میں امریکی کمپنیاں بھی شامل ہیں، کا کردار ہوگا۔







