کھیل

چیمپئِنز ٹرافی: بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا خطرہ

بھارت کی جانب سے چیمپئِنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ایونٹ کے شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہے جب کہ مزید چند روز تک اعلان میں ناکامی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ آئی سی سی نے ایونٹ سے قبل 100 ڈیز ٹوگو کے موقع پر ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنے کا پروگرام بنایا تھا مگر حالیہ پاک بھارت ڈیڈ لاک کی وجہ سے اعلان نہیں کیا جاسکا۔

رولز کے مطابق آئی سی سی کو ایونٹ سے 90 روز قبل ہر صورت میں شیڈول کا اعلان کرنا ہے، 20 نومبر تک اعلان نہ کرنے کی صورت میں آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمرشل پارٹنرز کو ایونٹ سے قبل کم از کم اتنا وقت درکار ہوتا ہے، کمرشل پارٹنر کو شیڈول کے مطابق اپنی مارکیٹنگ کرنا ہوتی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی کے لیے پاکستان اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنا ممکن نہیں ہے اور اس سے آئی سی سی کو شدید مالی نقصان ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اگر ایونٹ کو میزبان ملک سے کسی اور ملک منتقل کیا گیا تو پاکستان قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر حکومتی ہدایت پر آئی سی سی کو خط لکھا جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پر انکار کے حوالے سے پاکستانی حکومت کے سخت مؤقف سے آگاہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button